ویڈیو: کولگام کے بعد اننت ناگ میں دن دھاڑے گرینیڈ حملہ
3خواتین سمیت5عام شہری ،2سی آر پی ایف اہلکار زخمی
علاقے کا محاصرہ ،حملہ آؤروں کی تلاش شروع ،سیکیورٹی الرٹ جاری
اننت ناگ:۳۱،جنوری ؍کے این این ؍ دورہ مودی سے قبل کشمیر وادی میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں اچانک تیزی آنے کے بیچ کولگام کے بعد مشتبہ جنگجوؤں نے جمعرات کو جنوبی ضلع اننت ناگ کے شیر باغ علاقے میں فورسز کو نشانہ بناتے ہوئے دن دھاڑے گرینیڈ سے حملہ کیا ،جسکے نتیجے میں 3خواتین سمیت 5عام شہر ی اور2سی آر پی ایف اہلکارآہینی ریزوں کی زد میں آکر زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔حملے کے فوراًبعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور حملہ آؤروں کی تلاش شروع کردی ۔قصبے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق برفباری کے بیچ جنوبی ضلع اننت ناگ میں جمعرات کو مشتبہ جنگجوؤں نے فورسز اہلکاروں پر گرینیڈ سے حملہ کیا ۔یہ واقعہ اننت ناگ کے شیر باغ علاقے میں پیش آیا جہاں مشتبہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔نمائندے کے مطابق گرینیڈ نشانہ سے چوک کر سڑک پر زوردار دھماکے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں5 عام شہری اور 2سی آر پی ایف اہلکارکو زخمی ہوئے ۔دھماکے نتیجے میں شیر باغ علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے جبکہ علاقے میں کچھ دیر کیلئے معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور دکاندار بھی اپنے دکانات چھوڑ کر محفوظ مقام کی راہ لینے پر مجبور ہوئے ۔اس دوران پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال اننت ناگ پہنچایا گیا ،جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں میں سے ایک کی شناخت نریندر کمار کے طور ہوئی ہے جبکہ زخمی شہریوں میں ریہانہ بیگم ، صوبیہ جان، نازیہ بیگم ساکنان آنچی ڈورہ ، عرفان ڈار ساکنہ لالچوک اننت ناگ ، محمد حسین ساکنہ صوفی پورہ شامل ہیں۔ادھر پولیس اور فورسز کے اعلیٰ افسران نے جائے حملہ پر پہنچ کر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آؤروں کی تلاش بھی شروع کردی ۔مودی دورہ سے تین روز قبل جنوبی کشمیر میں جنگجویانہ کارروائیوں میں اچانک تیزی آگئی ۔ادھر پولیس ترجمان نے واقعہ کی نسبت ایک بیان جاری کیا ۔جسکے مطابق ضلع اننت ناگ کے شیر باغ چوک میں عسکریت پسندوں نے حفاظتی عملے پر گرنیڈ داغا جس کے نتیجے میں 3خواتین سمیت پانچ عام شہری اور 2سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس ترجمان کے مطابق چنانچہ زخمیوں کو فوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس گرنیڈدھماکہ میں زخمی عام شہریوں کی شناخت ریہانہ بیگم ، صوبیہ جان، نازیہ بیگم ساکنان آنچی ڈورہ ، عرفان ڈار ساکنہ لالچوک اننت ناگ ، محمد حسین ساکنہ صوفی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے کہ کن حالات میں یہ واقع پیش آیا اس سلسلے میں پولیس آفیسران کام میں جٹ گئے ہیں تاکہ ملوثین تک پہنچ کر ان کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پولیس ترجمان نے مزید کہا ہے کہ اگر اس گرنیڈ حملے کے بارے میں کسی کو کوئی جانکاری ہو جس سے تحقیقات میں مدد مل سکے تو وہ فوری طورپر پولیس کے ساتھ رابط قائم کریں۔یاد رہے کہ بدھ کو دمحال ہانجی پورہ میں ایک گرینیڈ دھماکے میں3عام شہری زخمی ہوئے تھے ۔
Comments are closed.