ہلکی گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت ،مسافروں نے لی راحت
سرینگر:۲۷،جنوری ؍کے این این ؍ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر 6روز سے درماندہ مسافروں کو اتوار کے روز اُس وقت بڑی راحت ملی جب ٹریفک حکام نے کشمیر شاہراہ پر جزوی طور ٹریفک کی آمد ورفت بحال کردی ۔ٹریفک حکام نے اتوار کو ہلکی گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت دی ۔اس طرح مسلسل چھ روز تک وادی کشمیر کا باقی ماندہ دنیا منقطع زمینی رابط بحال ہوگیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق موسم میں آئی تبدیلی کے ساتھ ہی کشمیر شاہراہ پر اتوار کو ٹریفک کی آوا جاہی بحال کردی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ حکام نے اتوار کے روز درماندہ مسافروں کو بڑی راحت پہنچاتے ہوئے ہلکی گاڑیوں کو سرینگر ۔جموں شاہراہ پر سرینگر کی طرف آنے کی اجازت دی ۔یہ اجازت 6روز بعد ٹریفک حکام کی جانب سے دی گئی۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح سرینگر ۔جموں شاہراہ کے انوکھی فال کے مقام پر تازہ پسیاں اور مٹی کے تودے گرآئے ،تاہم شاہراہ کی تجدید ومرمت کا انجام دینے والی تعمیراتی ایجنسی بیکن نے فوری طور پر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لاکر شاہراہ پر پیدا ہوئیں رکاوٹوں کو ہٹا کر شاہر اہ کو قابل آمد ورفت بنایا ۔انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس ،آلوک کمار نے بتایا کہ بیکن کی جانب سے ملی ہری جھنڈی کے فوراً بعد سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ۔ یاد رہے کہ قریب300کلو میٹر مسافت والی سرینگر ۔جموں شاہراہ کو 21جنوری کو جواہر ٹنل کے آر پار بھاری برفباری ،پسیاں اور مٹی کے تودوں کے ساتھ ساتھ چٹانیں کھسک آنے کے سبب بند کردیا گیا تھا ۔سرینگر ۔جموں شاہراہ واحد شاہراہ ہے جو کشمیر کو باقی ماندہ دنیا سے جوڑتی ہے ۔گزشتہ ہفتے جہاں بھاری برفباری ہوئی اور ٹنل پر بھاری بھرکم برفانی تودہ گرآنے سے جواہر ٹنل کے دونوں ٹیوب بند ہوگئے تھے ،وہیں بانہال اور رام بن اضلاع میں کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائڈ نگ بھی ہوتی تھی جسکی وجہ سے یہ شاہراہ مسلسل6روز تک بند رہی ۔شاہراہ بند ہونے کے سبب جواہر ٹنل کے آر پار سیکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوگئیں جبکہ ان میں سوار مسافر وڈرائیوروں کو در ماندہ ہونے کی صورت میں کافی مشکلات کا سامنا رہا ۔اس کے علاوہ سرینگر اور جموں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی درما ندہ ہو کر رہ گئی ۔بارڈر روڈس آر گنائزیشن نے شاہراہ کو قابلِ آمدورفت بنانے کیلئے مشینری کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بھی بروئے کا ر لایاجسکی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی ممکن ہوسکی ۔یہ کہناتھا انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس ،آلوک کمار۔موسمی کی خرابی کے باعث بند پڑی شاہراہ سے مسلسل 6روز تک درماندہ رہنے والے مسافروں نے جموں اور ادھمپور میں حالیہ دنوں احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنے بھی دئے ۔ان کا مطالبہ تھا کہ اُنہیں فضائیہ کی سہولیت فراہم کی جائے ،تاکہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ سکے ،کیونکہ درماندہ ہونے کی وجہ سے اُنہیں مشکلات ومسائل کا سامنا کر نا پڑ ا۔آئی جی پی ٹریفک نے کہا کہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اتوار کو جموں سے سرینگر کی طرف ہلکی گاڑیوں کو آنے کی اجازت دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر موجود لینڈ سلائڈ نگ ملبے کو ہٹانے کیلئے کوششیں جاری ہیں ،تاکہ شاہراہ پر مال بردار ٹرکوں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت دی جاسکے ۔
Comments are closed.