بیلٹ پیپرز کی طرف لوٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے، "ہم ای وی ایم کا استعمال کرتے رہیں گے”: الیکشن کمیشن

سرینگر21جنوری : الیکٹرانک ووٹنگ مشین( ای وی ایم) کو لے کر جاری تنازعہ کے بیچ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے یہ واضح کر دیا ہے کہ الیکشن کمیشن ای وی ایم کا استعمال جاری رکھے گا۔انہوں نے جمعرات کو کہا کہ ہم بیلٹ پیپرز کے دور میں لوٹ نہیں سکتے۔سی این ایس کے مطابق دلی میں منعقد ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ ’’ بیلٹ پیپرز کی طرف لوٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ ہم ای وی ایم کا استعمال کرتے رہیں گے‘‘۔ خیال رہے کہ کئی اپوزیشن پارٹیاں مسلسل یہ مطالبہ کر رہی ہیں کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپرز سے کرائے جائیں۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کا یہ بیان لندن میں ہوئے ہیکاتھون کے دو دن بعد ہی آیا ہے۔ اس ہیکاتھون میں امریکی ہیکر سید شجاع نے دعویٰ کیا تھا کہ ای وی ایم کو ہیک کرنا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ شجاع نے دعویٰ کیا تھا کہ2014کے عام انتخابات میں ای وی ایم کو ہیک کیا گیا تھا۔ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اروڑہ نے کہا کہ2014 سے اب تک ہوئے انتخابات میں الگ۔ الگ نتائج آئے ہیں، ایسے میں یہ کہنا غلط ہو گا کہ ای وی ایم میں خرابی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ الیکشن میں اگر’ ایکس‘ کی جیت ہوتی ہے تو ای وی ایم ٹھیک ہیں اور نہیں تو ای وی ایم خراب ہیں۔ ای وی ایم کوئی فٹبال نہیں ہیں‘‘۔

Comments are closed.