’’جی بی پنتھ‘‘ہسپتال میں د ن کے اوقات میں شعبہ ’ایمرجنسی‘بند، ہسپتال کے عملہ پر بچہ مریضوں کا کافی دبائو

طبی عملہ کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا

سرینگر/24جنوری/: امراض اطفال ہسپتال ’’جی بی پنتھ‘چلڈرن ہسپتال‘‘میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں بچو ںکا علا ج و معالجہ کیا جاتا ہے تاہم صبح 10بجے سے شام چار بجے تک ’’ایمرجنسی ‘‘شعبہ بند رہتا ہے جس دوران اطفال مریضوں کا علاج او پی ڈی میں انجام دیا جاتا ہے جہاں پر عملہ کی کمی کی وجہ سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ دوسری جانب جو نازک حالت میں وہا ں پہنچنے والے بچہ مریضوں کو دیکھنے کیلئے کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں رہتا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق امراض اطفال ہسپتال جس کو عرف عام میں ’بچہ ہسپتال‘سے جانا جاتا ہے میں ان دنوں مریضوں کا کافی رش رہتا ہے ۔ وادی میں موسم کی دگرگوں صورتحال کی وجہ سے بچوں میں نزلہ ، زکام ، کھانسی اور تپ دق کی بیماریوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ’’جی بی پنتھ ‘‘ہسپتال پر کافی دبائو بڑھ گیا ہے اور روزانہ او پی ڈی میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے ۔ تاہم دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں اور تیمار داروں کو دن بھر ہسپتال میں قطاردر قطار اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ لیکن ہسپتال میں طبی عملہ کی کمی کی وجہ سے بچوں اور تیمار داروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس سے بھی تشویشناک بات یہ ہے کہ صبح دس بجے سے شام چار بجے تک او پی ڈی کھلی رہنے کے دوران ’’شعبہ ایمرجنسی ‘‘بند رہتا ہے اور نازک حالت میں یہاں پہنچائے جارہے بچوں کو بھی او پی ڈی میں ہی قطاروں میں رہ کر علاج کرانا پڑتا ہے جو کہ ایک قابل تشویش بات ہے ۔ اس حوالے سے ہسپتال میں اپنے بچو ں کا علاج کرانے کیلئے آنے والے لوگوںنے کہا ہے کہ او پی ڈی کھلا رہنے کے دوران شعبہ ایمرجنسی کو بھی کھلا رکھنا چاہئے کیوں کہ ایمرجنسی کا مطلب ہی ہے کہ جو نازک بیمار ہوں ان کو پہلے علاج پہنچے ۔ واضح رہے کہ وادی میں موسم کی ابتر صورتحال کے نتیجے میں بچے اور ضعیف العمر کے بچے مختلف بیماریوں میں جکڑ ے گئے ہیں جبکہ ماہرین صحت نے لوگوں سے پہلے ہی کہا تھا کہ بچوں اور ضعیف العمر اشخاص کو اپنے گھروں سے باہر نہ نکالیں اور زیادہ سے زیادہ گرمی والے کمروں سے باہر انہیں جانے نہ دیا جائے ۔

Comments are closed.