ہمیں کسی بھی حال میں شہداء کی قربانیوں کا سودا نہیں کرنا چاہیے:گیلانی

سرینگر:٢٣،جنوری: سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ سرفروشانِ ملّت اپنے لہو سے داستانِ آزادی رقم کررہے ہیں۔ جس قوم میں ایسے جیالے سینہ سپر ہوکر ظالم اور جابر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں، دنیا کی کوئی طاقت اُس کو ہمیشہ کے لیے زیر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔کے این این کے مطابق سید علی گیلانی جاں بحق جنگجو شمس الحق سوگن شوپیان کی جلوس جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے حریت راہنما نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کئے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا اور نا ہی ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کسی کو غداری کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مجوزہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی حال میں شہداء کی قربانیوں کا سودا نہیں کرنا چاہیے، یہ لوگ عوام کے سامنے بجلی، پانی اور سڑک کے نام پر آتے ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے بعد بھارت کے ظلم کا جواز فراہم کرکے اپنے ہی لوگوں کا خون بہانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔ حریت راہنما نے اپنی مظلوم قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لخت ہائے جگر کے مقدس لہو کی تحریم وتکریم کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اس تحریک کو ذاتی مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں سے اجتناب کریں۔ حریت راہنما نے اپنی قوم کو قرآنی ہدایات سے روشناس کراتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی ہلاکت خیز کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور اپنے موقف پر ثابت قدم رہنے کے لیے کثرت سے ذکر اِلٰہی میں منہمک رہ کر، آپسی اختلافات کو یکسر ختم کرنے، اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت کرنے اور ظالموں کا رنگ ڈھنگ اختیار نہ کرنے کی تاکید کی۔ حریت راہنما نے آپسی اتحاد واتفاق کو قائم ودائم رکھنے اور مسلکی منافرت کے ناسور سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف اجتماعی صف بندی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ کو ہر وقت برقرار رکھنے کی مخلصانہ کوشش کریں۔ حریت چیرمین نے سماجی برائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے قوم سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے اندر اسلامی مزاج کو پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اپنی نئی نسل کو بے راہ روی، بے حیائی، شراب اور دیگر منشیات جیسے غیر اخلاقی اور غیر اسلامی حرکات سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ضرور بھارت کی جبری اور ظاملانہ غلامی سے آزادی نصیب فرمائے گا، مگر شرط یہ ہے کہ ہم اپنے اندر اسلامی کردار پیدا کرکے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی مدد کے مستحق بنائیں۔

Comments are closed.