گورنر اور نیتن گڈکری نے راوی دریا پر تعمیر پُل کا افتتاح کیا

کٹھوعہ: گورنر ستیہ پال ملک اور روڑ ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نیتن گڈکر ی نے کٹھوعہ ضلع میں آج کیریاں گنڈیال میں دریائے راوی پر1.2کلومیٹر پُل کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ گورنر کے صلاح کے۔ کے۔ شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور متعلقین بھی موجود تھے۔پُل کی بدولت بین ریاستی رابطہ نیٹ ورک کو مستحکم کرنے اور جموں و کشمیر اور پنجاب کے درمیان مسافت کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ جموں ۔ کٹھوعہ ۔ پٹھان کوٹ نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کم ہوگا۔
گورنر نے مرکزی وزراء کا خیرمقد م کرتے ہوئے کہا کہ اس پُل کی بدولت پنجاب تک رسائی سے خطے کی اقتصادی ترقی میں کافی اضافہ ہوگا ۔انہوں نے شاہ پور کنڈی پروجیکٹ کی بحالی کے لئے نیتن گڈکری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعمیر و ترقی کو فروغ دینے اور زیر التوا پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے جموں وکشمیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن قائم کی گئی ہے۔
نتن گڈکری نے پروجیکٹ کو ڈیڈ لائن سے پہلے 26کروڑ روپے کی بچت سے پوراکرنے پر ریاستی سرکار خاص کر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی سراہنا کی ۔اُنہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں شاہراہوں ، پلوں ، ٹنلوں اور دیگر رابطہ سہولیات کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جارہا ہے ۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اس پروجیکٹ کو ایک تواریخی پروجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست جموں وکشمیر اور پنجاب کے درمیان رابطہ سہولیات میں بہتری کے لئے اہم ثابت ہوگا اور جموں ۔ پٹھان کوٹ شاہراہ ٹریفک کی گنجانیت پر قابو پانے کے علاوہ علاقے میں اقتصادی ترقی کے اعتبار سے کافی اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس پُل کی بدولت مسافت ایک گھنٹے کے بجائے اب محض دس منٹ میں طے کی جائے گی۔
اس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، ڈی سی کٹھوعہ روہت کھجوریہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Comments are closed.