کے ۔ وِجے کمار اور چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ جموں میں تعزیتی میٹنگ کی صدارت کی
جموں: ریاست کے سابق چیف سیکرٹری محمد اقبال کھانڈے کے آج صبح انتقال کے بعد سول سیکرٹریٹ جموں میںایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔
گورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، انتظامی سیکرٹری اور کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔
کے ۔ وِجے کمار نے اس موقعہ پر مرحوم کی اِنتظامی صلاحیتوں اور دیگر پہلوئوں کو یاد کیا۔ مشیر موصوف نے مرحوم کے افراد خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا بیٹا ایک دلدوز سڑک حادثے میں جاں بحق ہوا تھا جس کی وجہ سے ذاتی زندگی میں محمد اقبال کھانڈے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقعہ پر بولتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ محمد اقبال کھانڈے نے ریاستی اِنتظامیہ کے کام کاج پر انمٹ نقوش چھوڑے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مرحوم فیصلہ سازی اور کیسوں کو نمٹانے میں کافی تیز تھے اور اُنہوں نے اپنی سروس کیئریر کے دوران کئی اہم عہدوں پر بخوبی اپنے فرائض نبھائے۔
چیف سیکرٹری نے اپنے تعزیتی پیغام میں مزید کہا کہ وہ اپنے اور اپنے رفقاء کی طرف سے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کرتے ہیں ۔ اُنہوں نے دعا کی کہ سوگوار کنبے کو خدا یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
واضح رہے کہ محمد اقبال کھانڈے 15؍ نومبر 1955ء کو پید ا ہوئے اور وہ 1978ء بیچ کے آئی اے ایس آفیسر تھے۔اُنہوں نے فروری 2013ء میں چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے اِنتظامیہ میں کئی کلیدی عہدوں پر کام کیا۔ اِن میں ڈی سی ڈوڈہ ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری ، ناظم سیاحت ،چیئرمین ایس ایس بی ، صحت ، اے آر آئی ، داخلہ ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، آر اینڈ بی ، پلاننگ ، جنگلات ، خزانہ ، زراعت کے اِنتظامی سیکرٹری کا عہدہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ و ڈی جی امپا کے عہدے شامل ہیں۔
آج کی تعزیتی میٹنگ میں محمداقبال کھانڈے کو خراجِ عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کی بے لوث خدمات کو یاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ مرحوم نے ہمیشہ ریاستی عوام کی بہبودی اور بقاء کے لئے کام کیااور اُن کے اِنتقال سے ریاست ایک قابلِ منتظم اور عظیم شخصیت سے محروم ہوئی ہے اور اس خلا کو پُر کرنا بہت مشکل ہے۔
اس موقعہ پر مرحوم کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی ۔
Comments are closed.