چیف جسٹس نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے نئے جج کو عہدے کا حلف دِلایا

جموں: جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ، جسٹس گیتا متل نے آج یہاں ایک تقریب کے دوران جسٹس راجیش بندل کو جموں وکشمیر کے ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف دِلایا۔
چیف جسٹس نے نئے جج صاحب کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
جسٹس بندل جو ایک سینئر جج ہے کو پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ سے تبادلے کے بعد جموں وکشمیر ہائی کورٹ کا جج تعینات کیا گیا۔
نئے جج کی تقرری کے حوالے سے صدرِ جمہوریہ کی طرف سے جاری کئے گئے تعیناتی کے وارنٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سنجے دھر نے پڑھے۔اُنہوں نے جموں وکشمیر کے گورنر کی طرف سے جاری کیا گیا وہ لیٹر آف اتھارائزیشن بھی پڑھا جس میں جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو نئے جج صاحبان کو عہدے کا حلف دِلانے کا اِختیار دیا گیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں کئی جج صاحبان بشمول جسٹس ڈی ایس ٹھاکر ، جسٹس تاشی ربستان ، جسٹس سنجے کمار گپتا اور جسٹس سندھو شرما چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آ ر کے گوئیل ، لأ سیکرٹری عبدالمجید بٹ ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ، آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ، پرنسپل ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جموں وِنود چٹرجی کول کے علاوہ سابق جج صاحبان ، صدر بار ایسو سی ایشن جموںبی ایس سلاتھیہ ، رجسٹری کے افسران ، کئی سینئر وکلاء اور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے زعماء بھی موجود تھے۔

Comments are closed.