ویڈیو: میرواعظ عمر فاروق کی خانہ نظر بندی ختم ،جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کی

سرینگر:میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق سرکاری سطح پر مسلسل تین ہفتوںکی نظر بندی ہٹتے ہی گزشتہ دنوں شہر سرینگر میں ایک معرکہ آرائی کے دوران فورسز کے ہاتھوں جاں بحق کئے گئے نہتے شہری رئیس احمد صوفی ، معراج الدین بنگرو، اور فہد فیاض وازہ کے گھر گئے جہاں موصوف نے ان شہیدوں کے والدین،عزیزوں اور لواحقین کے ساتھ براہ راست تعزیت پرسی کی اور ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔

https://www.facebook.com/officialKPS/videos/2233330290247561/

 

اس دوران میرواعظ جب فتح کدل پہنچے تو وہاں رئیس احمد صوفی کے گھر انتہائی رقت آمیز اور جذباتی مناظر دیکھے گئے ، فورسز کے ہاتھوں مسمار شدہ رہائشی مکان کی ویرانی اور تباہی کا منظر ،جاں بحق نوجوان کا ڈیڑھ سالہ معصوم بچہ ، بے بس اور بے کس شہید کی بیوہ اور بزرگ والد خواجہ حبیب اللہ صوفی جو غم و الم کی تصویر بنے زبان حال سے یہ سوال کررہے تھے کہ آخر کس گناہ کی پاداش میں اُن کے جواں سال اور نہتے فرزند کو شدید ٹارچر کے بعد بے رحمی سے قتل کیا گیا ۔

میرواعظ نے شہید معراج الدین بنگرو اور شہید فہد فیاض وازہ کے والدین سے ملاقات کے دوران شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے والدین کے عزم و ہمت کو سلام پیش کیا ۔

اس موقعہ پر وہاں موجود لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ حکومت ہند کی جارحانہ پالیسیوں اور آئے روز کے قتل و غارت اور خون خرابے کا نہ تھمنے والا سلسلہ کے سبب یہاں کے نوجوان اپنے بنیادی حق کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اب ہماری چوتھی نسل اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے میدان عمل میں کودپڑی ہے اور اس ضمن میں ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی جارہی ہیں۔

میرواعظ نے کہا کہ ان شہیدوں کے عزیزوں اور لواحقین کے بلند عزائم اور حوصلوں کو دیکھ کر قیادت اور عوام کے جذبہ حریت کو مزید تقویت مل رہا ہے اور انشاءاللہ وہ دن دورنہیںہے جب اپنی منصفانہ جدوجہد کو پایہ تکمیل تک لیجانے کیلئے دی جارہی بے مثال جانی و مالی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے ۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حق خودارادیت کی بنیاد پر کشمیری عوام کے خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا خطے میں سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی مخدوش صورتحال قائم رہے گی لہٰذا حکومت ہند کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ مزید وقت ضائع کئے بغیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے۔

دریں اثنا حریت ترجمان نے زالورہ سوپور میں سرکاری فورسز کے ہاتھوں پر امن مظاہرین پر تشدد ڈھانے اور انہیں بے تحاشہ ٹیئر گیس شیلنگ کے ذریعے زخمی کر دینے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری فورسز نے نہتے کشمیریوں کیخلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور ہر چہار سو ظلم و جبر کا بازار گرم رکھا گیا ہے ۔

Comments are closed.