فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکاروں نے جانیں جوکھم پر ڈال کر آگ پر قابو پایا /ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی
سرینگر19 اکتوبر//یو پی آئی // شہر خاص کے برتھنہ قمر واری علاقے میں آگ کی بھیانک واردات کے دوران نصف درجن کے قریب رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں۔لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل تین کنبوں سے وابستہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی کے مطابق پانچ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق شام دیر گئے شہر خاص کے قمر واری علاقے میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے متصل مزید کئی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کے ساتھ ہی گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس کے نتیجے میں آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا۔ نمائندے کے مطابق فائر اینڈایمرجنسی کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کر گنجان آبادی میں آگ پر قابو پایا ۔ آگ کی اس واردات کے دوران نصف درجن کے قریب رہائشی مکانات خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران مقامی نوجوانوں نے بھی اہم رول ادا کیا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی بشیر احمد کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ قمر واری سرینگر میں آگ کی واردات رونما ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق آگ کی اس واردات کے دوران تین رہائشی مکان اور ایک شیڈ خاکستر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکاروں کی انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔
Comments are closed.