فتح کدل میں فورسز مارپیٹ سے ایک درجن فوٹو و ویڈیو جرنلسٹس زخمی

صحافیوں انجمنوں کی جانب سے پولیس کاروائی کی زبردست الفاظ میں مذمت

سرینگر17اکتوبر/ سرینگر کے فتح کدل میں بدھ کی صبح ایک درجن سے زائد فوٹو و ویڈیو جرنلسٹس فورسز کی مارپیٹ سے زخمی ہوئے ہیں جن کو ڈرانے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔سی این ایس کے مطابق سرینگر کے فتح کدل میں بدھ کی صبح فورسز نے قریب ایک درجن فوٹو و ویڈیو جرنلسٹس کو اس وقت مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ وہاں مسلح تصادم کے مقام پر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف تھے تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے صحافیوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورس اہلکاروں نے نہ صرف انہیں مارا پیٹا بلکہ انہیں ڈرانے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔اس دوران صحافیوں پر پولیس کی یلغار کی زبردست الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فیڈریشن آف اردو ورکنگ جرنلسٹس نے کہا کہ صحافیوں کے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں نہ صرف رخنہ ڈالا گیا،بلکہ انکے ساتھ زیادتی بھی کی گئی۔فیڈریشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ فوٹو اور ویڈیو جرنلسٹوں کے علاوہ نامہ نگاروں کو بھی نشانہ بنا یا گیا،جو بے حد قابل افسوس اور مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب فورسز کی مختلف ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران بھی جائے وقع پر موجود تھے،صحافیوں کے ساتھ نارؤ سلوک رکھنا معنی خیز ہے۔ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل بھی کپوارہ میں صحافیوں کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے سے روک دیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،جنہوں نے جمہوریت کے چوتھے ستون کو منہدم کرنے کی کوشش کی۔

Comments are closed.