پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اسرائیل طرز کی فینسنگ کرنے کا منصوبہ زیر غور  بی ایس ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں/ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف 

سرینگر// بارڈر سیکورٹی فورسز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں اسرائیل طرز کی فینسنگ نصب کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے تاکہ حدمتارکہ اور کنٹرول لائن کو پوری طرح سے سیل کرکے دراندازی پر قابوپایا جاسکے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے اس سلسلے ماہرین سے بھی صلاح مشورہ شروع کیا ہے ۔ یو پی آئی کے مطابق دراندازی پر قابو پانے کیلئے مرکزی حکومت نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر اسرائیل طرز کی فینسنگ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے پروجیکٹ کو منظوری دی ہے اور آنے والے مہینوں کے دوران اس پر کام شروع ہوگا۔ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نہ صرف فورسز کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے بلکہ جدید فینسنگ کرنے کے ضمن میں بھی اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جدید طرز کی فینسنگ نصب کرنے سے دراندازی کے واقعات پر قابوپایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہونے کے بعد اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آف بی ایس ایف نے مزید بتایا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف اہلکاروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ضمن میں بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ سرحدوں پر رات کے دوران دیکھنے کے آلات کو بھی نصب کیا جارہا ہے تاکہ دراندازی کرنے والوں کو سرحد کے نزدیک ہی ڈھیر کیا جاسکے

Comments are closed.