ملائیشیا: بد عنوانی کے الزام میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ گرفتار

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی اہلیہ روسماں منصور کو ملک کی انسداد بد عنوانی ایجنسی نے اربوں ڈالر کے اسکینڈل میں گرفتار کرلیا۔

الجزیرہ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ روسماں منصور کے وکیل نے بتایا کہ ملائیشیا کے انسداد بد عنوانی کمیشن (ایم اے سی سی) میں کئی گھنٹے کی تفتیش کے بعد ان کی موکلہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف بد عنوانی اور منی لانڈنگ کے ایک درجن سے زائد الزامات لگائے گئے ہیں جن میں ملک کے خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزامات بھی شامل ہیں۔

یہ الزامات ان پر رواں سال مئی میں ہونے والے الیکشن میں مہاترمحمد اور ان کے اتحادیوں کی کامیابی کے بعد لگائے گئے۔

بعد ازاں ایم اے سی سی نے ایک جاری بیان میں کہا کہ پروسیکیوٹر کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد 66 سالہ روسماں منصور کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران گرفتار کیا گیا۔

ایم اے سی سی کا کہنا تھا کہ ‘موجودہ پیش رفت کے حوالے سے روسماں کو متعدد الزامات کا سامنا ہے’، انسداد بد عنوانی ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ کو جمعرات کے دن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایم اے سی سی کے حکام کا کہنا تھا کہ اگر سابق وزیراعظم کی اہلیہ پر الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں 15 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز روسماں، ایم اے سی سی کے کولالمپور میں قائم ہیڈکوآرٹر میں تفتیش کاروں کے سامنے پیش ہوئیں تھی اور اسی لمحے ان کے خاوند سے پولیس نے ایک علیحدہ مقام پر اربوں روپے کے اسکینڈل میں تفتیش کی تھی۔

یاد رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب، خود پر لگنے والے بد عنوانی کے تمام الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اربوں ڈالر اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے تھے۔

Comments are closed.