سوپور میں شبانہ نقب زنی ،11 دکانات کے شٹر توڑ دیئے گئے

سوپور: شمالی قصبہ سوپور کے تین بازاروں اقبال مارکیٹ ،شاہ فیصل مارکیٹ اور جنرل بس اسٹینڈ مارکیٹ میں دوران شب نقب زنوں نے 11 دکانات میں نقب لگانے کی کوشش کی ،جس دوران دکانات کے شٹر توڑے گئے جبکہ دکانات میں مبینہ طور پر آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی .

پولیس نے معاملے کی نسبت اپنی سطح پر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی .ادھر ٹریڈرس فیڈریشن سوپور نے نقب زنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا .

موصولہ اطلاعات کے مطابق شمالی قصبہ سوپور کے تین بازاروں اقبال مارکیٹ ،شاہ فیصل مارکیٹ اور جنرل بس اسٹینڈ مارکیٹ میں 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی رات کو 11 دکانات کے شٹر توڑ کر نقب لگانے کی کوشش کی .

مقامی دکانداروں نے بتایا کہ نقب زنوں نے دوران شب اقبال مارکیٹ میں ہلال احمد کی مو بائیل دکان ،شاہ فیصل مارکیٹ میں عبدالقادر کی بیکری شاپ ،فردوس احمد میر کی دکان ،مشتاق احمد کی دکان ،عبدالرشید کی دکان ،فاروق احمد کی دکان ،حاجی عبدالرحمان کی دکان بشیر احمد ،خضرمحمد ڈار کی دکان ،جنرل بس اسٹینڈ میں جاوید احمد کی دکان ،اور آزاد احمد کی دکان کے شٹر توڑ کر دکانوں میں نقب لگانے کی کوشش کی .

ان کا کہنا ہے کہ نقب زن شاہ فیصل میں نقب لگانے میں کامیاب ہوئے جبکہ یہاں بقول انکے دکانات کو نذرآتش کرنے کی بھی کوشش کی گئی .

اس دوران ٹریڈرس فیڈریشن سوپورکے صدر محمد اشرف گنائی نے بتایا کہ سوپور قصبہ میں چوری کی بڑھتی وارداتیں قابل تشویش ہے .انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ چوری کی وارداتوں کو روکنے کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے .

ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے اور اسکی تحقیقات کی جارہی ہے .

Comments are closed.