سری نگر ، جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نیوہ میں گذشتہ رات جنگجوؤں کے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے گذشتہ رات قریب ایک بجے نیوہ پلوامہ میں قائم جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور 183 بٹالین سی آر پی ایف کے مشترکہ کیمپ کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا اور گولیاں چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ سرکاری ذرائع نے زخمی اہلکار کی شناخت منظور احمد کے بطور کی ہے۔
انہیں علاوج معالجہ کے لئے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف کے ذرائع نے بتایا کہ حملے میں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار کو کندھے میں گولی لگی ۔
انہوں نے بتایا ’جنگجوؤں کی طرف سے گرینیڈ داغا گیا اور گولیاں چلائی گئیں۔ گرینیڈ پھٹنے سے رہ گیا۔ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ حملے کے فوراً بعد علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا، تاہم حملہ آور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
Comments are closed.