پلوامہ ،شوپیان میں تین پنچایتی گھر نذر آتش

پلوامہ،شوپیان: سیرجاگیر ترال کے بعد جنوبی کشمیر میں مزید تین پنچایتی گھروں کو نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں شعلوں کی نذر کیا .پولیس نے ان واقعات کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی .

معلوم ہوا ہے کہ پیر اور منگل کی شب نامعلوم افراد نے جنوبی کشمیر کے دو اضلاع پلوامہ اور شوپیان میں بیک وقت تین پنچایت گھروں کو نذرآتش کیا .

اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے نازنین پورہ شوپیان میں پنچایت گھر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی ،جسکی وجہ سے اسکی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا.

پولیس ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی سے عمارت کو خاکستر ہونے سے بچالیا گیا .

پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی .اس دوران شوپیان کے قریبی ضلع پلوامہ کے ناگ بل ترال گائوں میں زیر تعمیر پنچایت گھر کو شعلوں کی نذر کیا.

اس دوران دربگام پلوامہ میں بھی اطلاعات کے مطابق پنچایت گھر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی .اس عمارت کوآگ کی واردات میں جزوی طور پر نقصان پہنچا .

اس سے قبل سیرجاگیر ترال میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو نامعلوم افراد نے پنچایت گھر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی تھی ،جسکی وجہ سے عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا تھا .

پنچایت گھروں کو پُراسرار طور پر شعلوں کی نذر کرنے کا سلسلہ ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں وکشمیر میں ماہ نامبر سے پنچایتی انتخابات نو مرحلوں میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے .

Comments are closed.