گاندربل اور بڈگام میں آتشزدگی ، 2 مکانات ،گائو خانہ ،اسکول عمارت خاکستر

گاندربل ،بڈگام : وسطی کشمیر کے 2 اضلاع گاندربل اور بڈگام میں الگ الگ آتشزدگی کی وارداتوں میں 2 رہائشی مکانات ،گائو خانہ اور ایک اسکول عمارت خاکستر ہوئی.آگ کی ان وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئی.

وسطی ضلع گاندربل کے قصبہ کنگن کے گجر پتی سرفا علاقے میں جمعرات کو آگ کی ایک ہولناک واردات میں 2 رہائشی مکانات اور ایک گائو خانہ خاکستر ہوا.

رپورٹس کے مطابق عبد الرحمان کٹھانہ کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی ،جس نے تیزی کے ساتھ پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لیا .

عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی ،کہ اسکے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے .آگ نے مزید ایک مکان اور گائو خانہ بھی اپنی لپیٹ میں لیا .

گجرپتی سرفا میں آگ کی اس واردات کے نتیجے میں علاقے میں زبردست افراتفری پھیل گئی .اس موقع پر فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کو مطلع کیا گیا .اطلاع ملتے ہی ایک ٹیم یہاں پہنچی ،جنہوں نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا .ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شاٹ سرکٹ کی وجہ سے نمودار ہوئی تھی .

آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی .ادھر ضلع بڈگام میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک اسکولی عمارت خاکستر ہوئی .

معلوم ہوا ہے کہ بڈگام کے بیروہ تحسیل کے اتنیہ گائوں میں اسکول عمارت میں پُراسرار طور پر آگ نمودار ہوئی .آگ کی یہ واردات گزشتہ شب رونما ہوئی .

معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات میں گورنمنٹ مڈل اسکول اتینہ مکمل طور پر خاکستر ہوا.معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات میں اسکول ریکارڈ بھی تباہ ہوگیا .

پولیس نے آتشزدگی کی وارداتوں کے حوالے سے الگ الگ کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی.

Comments are closed.