نوجوان کی ہلاکت پر نیشنل کانفرنس برہم

سرینگر::نیشنل کانفرنس نے پلوامہ کے چیوا کلان میں فورسز فائرنگ میں فیاض احمد وانی نامی نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سوگواران خصوصاً والدین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کے این این کے مطابق پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے عام لوگوں پر فائرنگ کے ایسے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس ہلاکت کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ گذشتہ 4سال کے دوران عام شہریوں پر بندوقوں کے دہانے کھول دینا معمول بن کر رہ گیا ہے۔ سابق پی ڈی پی بھاجپا حکومت نے عام شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کیلئے کبھی بھی سنجیدگی نہیں دکھائی اور لوگوں پر مہلک ہتھیاروں کے استعمال کی کھلی چھوٹ دی ۔

محبوبہ مفتی کی سابق حکومت نے کشمیر میں نہ صرف قتل و غارت کا بازار گرم رکھا بلکہ عوام پر کریک ڈاﺅنوں، چھاپہ مار کارروائیوں، توڑ پھوڑاور مار پیٹ کے ذریعے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے۔ اور پی ڈی پی حکومت کا شروع کردہ یہ ظلم کا سلسلہ آج تک تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ڈاکٹر کمال نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کی ہلاکتوں پر بریک لگانے کے ساتھ ساتھ لوگوں پر مہلک اور جان لیوا ہتھیاروں کا استعمال بھی بند کیا جائے۔

Comments are closed.