شیوراج کی ’جن آشیرواد یاترا‘ پر پتھراؤ،بی جے پی ک کانگریس پر الزام
چرهٹ ، مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی کے چرهٹ میں وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی’جن آشیرواد یاترا‘ پر نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر پتھراؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ کے اسمبلی حلقہ چرهٹ میں ہوئے اس واقعہ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے جہاں ایک طرف اسے کانگریس کی بوکھلاہٹ قراردیا ہے، وہیں کانگریس نے پورے معاملہ سے پلہ جھاڑ لیا ہے۔کل دیر رات چرهٹ میں نامعلوم لوگوں نے مسٹر چوہان کے رتھ پر مبینہ طور پر پتھر پھینکے۔ اس کے بعد مسٹر چوہان نے منچ سے اپوزیشن لیڈر مسٹر سنگھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ چھپ کر پتھر پھینک والوں میں اگر طاقت ہے تو وہ سامنے آکر مقابلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور ان کے ساتھ عوام ہے۔مسٹر چوہان نے کہا کہ کانگریس ریاست کی سیاست کو کہاں لے جائے گی، مدھیہ پردیش میں تشدد کی سیاست کو کبھی جگہ نہیں ملی ہے۔
وہیں واقعہ کے سامنے آنے کے فورا بعد اپوزیشن لیڈر مسٹر سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ مخالفین پر کسی قسم کی جارحیت کانگریس کی ثقافت نہیں ہے۔ انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی بھی کانگریسی شامل نہیں ہے۔
مسٹر سنگھ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے اور چرهٹ کے عوام کو بدنام کرنے کے لئے یہ سازش رچی گئی ہے۔
وہیں بی جے پی ترجمان رجنیش اگروال نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس گالي گلوج کے بعد اب تشدد پر اتر آئی ہے۔ کانگریس وزیر اعلی کی مقبولیت سے گھبرا کر سیاسی بھائی چارہ کو بھی ختم کر رہی ہے۔
وزیر اعلی کی’جن آشیرواد یاترا‘ان دنوں وندھيہ علاقہ کے سدھی سے گزر رہی ہے۔ ( یواین آئی)
Comments are closed.