سرینگر :جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔
وفد نے ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر ستیہ پال کو مبارک باد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اُن کے دور میں ریاست میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
وفد نے بلدیاتی اداروں اور پنچائتی انتخابات کے تعلق سے گورنر انتظامیہ کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
کانگریس وفد نے دفعہ35 اے کے تعلق سے اپنے خدشات ظاہر کئے۔ وفد میں شامل پارٹی لیڈران نے سرکاری محکموں میں کیجول بنیادوں پر کام کر رہے افراد کی مستقلی کی بھی مانگ کی۔وفد نے عوام اور ملازمین کو درپیش کئی مسائل گورنر کی نوٹس میں لائے۔
گورنر نے وفد کی جانب سے اُن کی نوٹس میں لائے گئے معاملات پر مناسب غور کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی اور بلدیاتی اداروں کے انتخاب منصفانہ طور کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کانگریس لیڈروں سے کہا کہ وہ ان انتخابات کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ عنقریب ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے علاوہ ترقیاتی معاملات کا بھی جائیزہ لیں گے۔
وفد نے پیرزادہ محمد سعید، غلام نبی مونگا، محمد انور بٹ، محمد امین بٹ، فاروق اندرابی، رمن مٹو اور سریندر سنگھ چنی بھی شامل تھے۔
بی جے پی ڈیلی گیشن کی گورنر سے ملاقات
بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔
ڈیلی گیشن نے ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر ستیہ پال کو مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ اُن کے دور میں ریاست میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہونے کے ساتھ ساتھ قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفد نے ریاست جموں وکشمیر میں پنچائتوں اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات کو احسن طریقے پر منعقد کرانے کے لئے پارٹی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ڈیلی گیشن نے گورنر سے التواءمیں پڑے مختلف سڑک پروجیکٹوں بشمول جموں رِنگ روڈ، جموں۔ پونچھ شاہراہ وغیرہ کے کام میں سرعت لانے کی استدعا کی۔ڈیلی گیشن کے ممبران نے جموں میں ایمز اورہوائی اڈے کی تعمیر کے علاوہ دیگر کئی پروجیکٹوں سے جڑے معاملات گورنر کی نوٹس میں لائے۔
گورنر نے تمام معاملات پر ہمدردانہ اور مناسب غور کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے وفد سے تلقین کی کہ وہ ریاست میں جمہوری اداروں کو زمینی سطح پر مستحکم کرنے کے لئے لوگوں میں جانکاری عام کریں۔
وفد میں جگل کشور شرما، کویندر گپتا، ست پال شرما،چودھری سکھ نندن، عبدالغنی کوہلی، بالی بھگت، سنیل شرما، چندر پرکاش گنگا، صوفی یوسف، اشوک کھجوریہ اور نریندر سنگھ شامل تھے۔
سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز گورنر سے ملاقی
سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل آپریشنز ذوالفقار حسن نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں سی آر پی ایف کی جانب سے ایک کافی ٹیبل کتاب”امر ناتھ یاترا۔ ایک تصویری سفر“ کا ایک نسخہ پیش کیا۔
اس کتاب کو تیار کرنے پر مذکورہ افسر کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے ریاست میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے اور شری امر ناتھ جی یاترا کے احسن انعقادمیں سی آر پی ایف کے رول کی تعریف کی۔
اے ڈی جی پی سیکورٹی کی گورنر سے ملاقات
اے ڈی جی پی ہوم گارڈز، سیکورٹی اور لاءاینڈ آرڈر منیر احمد خان نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں امن وقانون سے متعلق کئی معاملات کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔انہوں نے گورنر کوشری امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں ریاستی پولیس کی تعیناتی کے بارے میں بھی بتایا۔
گورنر نے ریاست میں امن و امان کے ماحول کو قائم رکھنے کی ضرورت اور سیکورٹی فورسز کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔
آئی جی پی سیکورٹی گورنر سے ملاقی
انسپکٹر جنرل پولیس سیکورٹی الوک کمار نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں سیکورٹی منجمنٹ سے متعلق انہیں تفصیلی جانکاری دی۔
گورنر نے تمام محاذوں پر سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام اہم تنصیبات کی سیکورٹی کا وقتاً فوقتاً جائیزہ لینے کی ہدایت دی۔
آئی پی ایل کے چیئرمین کی گورنر سے ملاقات
انڈین پرئمیر لیگ کے چیئرمین اور سابق مرکزی وزیر راجیو شکلا نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔
گورنر اور راجیو شکلا نے ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے نوجوانوں کی مجموعی نشو ونما میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے راجیو شکلا پر زور دیا کہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے کرکٹ مقابلوں میں ریاستی کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ موقعہ فراہم کرنے کی کوشش کریں۔
راجیو شکلا نے گورنر کو یقین دلایا کہ وہ ریاست میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔
Comments are closed.