حاجن: پرے محلہ حاجن بانڈی پورہ میں جمعرات کی صبح سے جنگجوئوں اور فوج کے درمیان جاری جھڑپ میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ اس کا ساتھی پُرتشدد احتجاجی مظاہروں کے بیچ فورسز محاصرہ توڑ کر ممکنہ طورفرار ہونے میں کامیاب ہوا .
ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے بھی جھڑپ میں جنگجو کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی .انہوں نے سماجی رابط ویب سائٹ ٹویٹر پرتحریر کرتے ہوئے کہا کہ حاجن میں جاری گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو ہلاک ہوگیا .
اس سے قبل انہوں نے ٹویٹ کے ذریعے ہی حاجن میں جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہونے کی تصدیق کی تھی .
پرے محلہ حاجن بانڈی پورہ میں جمعرات کی صبح اُس وقت جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا جب یہاں تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا.
جمعرات کی صبح فوج وفورسز نے پرے محلہ حاجن میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پرتلاشی کارروائی شروع کی تھی ،جس دوران تلاشی کارروائی پر مامور فورسز اہلکاروں پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی.
جوابی کارروائی میں فورسز اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی ،جس کے ساتھ ہی یہاں طرفین کے مابین جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا .اس جھڑپ میں ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ پولیس کی جانب سے کیا گیا .
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لشکرطیبہ سے وابستہ ایک جنگجو حاجن میں جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوا ،جسکی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی .
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق جنگجو کی نعش اسلحہ سمیت برآمد کی گئی.تاہم آپریشن جاری ہے .جھڑپ کے پیش کے نظر حاجن اور اسکے مضافات میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کردی گئیں .اطلاعات کے مطابق یہاں تشدد بھڑک اٹھنے کی اطلاعات بھی ہیں .
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق جنگجو کا دوسرا ساتھی فورسز محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا ،جسکی فورسز نے تلاش جاری رکھی ہوئی ہے.
Comments are closed.