کھنہ بل جھڑپ:دو جنگجو جاں بحق :پولیس

موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع ،ریل سروس معطل

کھنہ بل : جنوبی ضلع اننت ناگ کے منی وارڈ کھنہ بل علاقے میں بدھ کی علی الصبح سے جاری جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان خونین معرکہ آرائی میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ،جسکی تصدیق ریاستی پولیس نے کی .

پولیس نے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ میں جھڑپ کے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اننت ناگ انکائونٹر میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ جائے جھڑپ سے اسلحہ وگولی بارود سمیت جاں بحق جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کی گئیں ،جنکی شناخت کی جارہی ہے .

بدھ کی صبح منی وارڈ کھنہ علاقے میں اُس وقت طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی جب یہاں فوج وفورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر محاصرہ کیا .

صبح 5 بجے علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور جنگجو مخالف آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی علاقے میں موجود جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ،جس نے خونین معرکہ آرائی کی شکل اختیار کی .

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے .جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی ،تاہم غیر مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ میں حزب المجاہدین کے اعلیٰ جنوبی کشمیر کا کمانڈر الطاف احمد ڈار عرف الطاف کاچرو ساکنہ ریڈونی کولگام اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوا .تاہم مصدقہ ذرائع نے ابھی تک اسکی تصدیق نہیں کی .

غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق دوسرے جاں بحق جنگجو کی شناخت عمر رشید کے بطور ہوئی ،جو بٹہ مالو انکائونٹر میں فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا ،تاہم ابھی تک جاں بحق جنگجوئوں کی مصدقہ ذرائع یا اہلخانہ نے شناخت نہیں کی .

کھنہ انکائونٹر کے پیش نظر ضلعے میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع کردی گئیں جبکہ سرینگر اور بانہال کے درمیان ریل سروس بھی معطل کی گئی .

علاقے میں جھڑپ کے مقام پرنوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے اور فورسز پر پتھرائو کیا ،تاکہ محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں کو فرار ہونے کا موقع مل سکے .

ادھر اننت ناگ قصبے میں جھڑپ کے پیش نظر بند شیں بھی عائد کی گئیں .یہاں صورتحال کشیدہ بنی ہوئی ہے .

Comments are closed.