سرینگر:پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتوں میں خوشگوار تبدیلی آنے کی امیدکرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے عمران خان اور نریندر مودی کے حالیہ بیانات کو حوصلہ افزا اور وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کامیابی کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مثبت بیانات سے اس بات کی امید جاگی ہے کہ دونوں ممالک ایک بار پھر قریب تر آئیں گے اور تعطل کا شکار مذاکراتی عمل کو خلوص نیت کے ساتھ آگے لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار دونوں ممالک کے درمیان ہوئے مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی لیکن امن کے دشمن اس پر بریک لگانے میں بار بار کامیاب ہوئے۔ ساگر پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس میں پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقعے پر معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ،وسطی زون صدر علی محمد ڈار(ایم ایل سی) ، سینئر نائب صدرِ صوبہ محمد سعید آخون، نائب صدر صوبہ ڈاکٹر محمد شفیع، ضلع صدر سرینگرپیر آفاق احمد، اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزار، جوائنٹ صوبائی سکریٹری غلام نبی بٹ، احسان پردیسی کے علاوہ کئی عہدیداران بھی موجود تھے۔
ساگر نے کہا کہ ہندو پاک کی دوستی میں ہی مسئلہ کشمیر کا حل اور کشمیریوں کی خوشحالی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے دونوں پڑوسیوں رہنماﺅں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام اختلافات، رنجشیں اور دوریاں ختم کرنے کی پہل میں سرعت لائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کو سب سے پہلے سرحدوں پر جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے چاہئیں، کیونکہ گولہ باری اور گن گرج سے سرحدوں پر مقیم آر پار آبادی زبردست مشکلات اور مسائل سے دوچار ہیں۔
دونوں ممالک کو ایسے ہی اقدامات اُٹھانے چاہئیں جس سے خوشگوار ماحول قائم ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آر پار تجارت کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تمام راستوں کو کھولا جائے جہاں جہاں سے 1947سے قبل تجارت اور لوگوں کی آواجاہی ہوا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عظیم قیادت مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی یہ تمنا اور خواہش تھی کہ آر پار کے لوگ ایک متحدہ کشمیر میں زندگی گزاریں اور سرحدیں منہدہم ہوجائیں جس طرح جرمن اور دیگر ممالک میں ہوئیں۔
ساگر نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی دوستی جنوبی ایشیا خصوصاً برصغیر کے پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے اور ان کی دوستی میں ہی مسئلہ کشمیر کا راز مضمر ہے۔ جنرل سکریٹری نے نیشنل پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی خدمت کیلئے دن رات اپنے آپ کو وقف رکھیں کیونکہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ اس اصول کی پیروی کی کہ عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے۔
Comments are closed.