نئی دہلی: ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے پیر کو صدر ہند رام ناتھ کوند اور وزیر اعظم نریندرا مودی کے ساتھ نئی دہلی میں ملاقات کی .
بہار کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے 23 اگست کو راج بھون سرینگر میں جموں وکشمیر کے 13 ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایاتھا. جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس گیتا متل نے مسٹر ستیہ پال کو حلف دلایا تھا۔ مسٹر ستیہ پال نے انگریزی زبان میں حلف لیا تھا۔
جموں وکشمیر میں گورنر عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ اُن کا پہلا دورہ دہلی ہے .اپنے دہلی دورے کے دوران انہوں نے صدر ہند رام ناتھ کوند اور وزیر اعظم نریندرا مودی کے ساتھ نئی دہلی میں الگ الگ ملاقاتیں کیں.
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقاتیں مبارکبادی کے بطور ہوئیں ،تاہم بتایا جاتا ہے کہ ان میٹنگز میں ریاست جموں وکشمیر کے انتظامی امور اور دیگر معاملات زیر بحث آئے.
یاد رہے کہ صدر ہند رام ناتھ کووند نے بہار کے گورنر ستیہ پال ملک کو جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا۔ اس طرح سے 71سالہ ستیہ پال نے 82سالہ نریندر ناتھ ووہرا کی جگہ لی ہے۔
خیال رہے کہ جموں وکشمیر کے گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی مدت کار رواں برس جون میں ہی ختم ہوگئی تھی۔ ریاست میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحادی حکومت سے بی جے پی کے ناطہ توڑلینے کے بعد سے یہاں 20 جون سے گورنر راج نافذ ہے۔ووہرا کی مدت کار کے تعلق سے مسلسل قیاس آرائی کی جارہی تھی ۔ 82 سالہ ووہرا نے عمر درازی کی وجہ سے پہلے ہی عہدہ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
ووہرا نہ سنہ 2008 میں ریاست کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 5 مئی 1936 کو جنمے مسٹر ووہرا 1959 کے پنجاب کیڈر کے سابق آئی پی ایس افسر ہیں۔ ووہرا جموں وکشمیر کے بارہویں جبکہ جگ موہن کے بعد ریاست کے پہلے سویلین گورنر تھے۔
Comments are closed.