سرینگر: پولیس نے ساکشھر بھارت مشن (ایس بی ایم ) سکیم ملازمین کے راج بھون گھیرائو کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کئی احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔
مرکزی اسکیم ساکشھر بھارت مشن کے تحت کام کرنے والے عارضی ملازمین نے جمعرات کو اپنے مطالبات کو لیکر احتجاج کیا ۔
درجنوں ملازمین پولو ویو میونسپل پارک میں جمع ہوئے اورمستقل کرنے کے مطالبے کو لیکر دھرنا دیا ۔مظاہرین نے بتایا کہ وہ برسوں سے محکمہ تعلیم میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے ہیں ،لیکن ابھی تک ریاستی حکومت نے اُنکی مستقلی کے حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی ۔
پارک میں دھرنا دینے کے بعد ملازمین نے طے شدہ پروگرام کے تحت راج بھون کی جانب مارچ نکالنے کی کوشش کی ۔ملازمین نے جونہی پارک سے نکلنے کی کوشش کی ،تو یہاں پہلے سے تعینات پولیس کی بھاری نفری نے اُن کا راستہ روکا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی.
تاہم مظاہرین نے مزاحمت کرکے گور نر این این ووہرا کی رہائش گاہ راج بھون کی جانب مارچ شروع کیا جس دوران پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے احتجاجی ملازمین کو تتربترکرنے کیلئے کئی احتجاجی مظاہرین کو حراست میں لیا.
مظاہرین نے دھمکی دی ہے کہ اگر اُنکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا ،تو وہ 28 اگست سے بھوک ہڑتال شروع کریں گے .انہوں نے کہا کہ 8 سال سے وہ عارضی طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں.
Comments are closed.