اونتی پورہ میں اسلحہ سمیت جنگجو گرفتار :پولیس کا دعویٰ

بارہ مولہ میں اپر گراونڈ ورکر گرفتار،دھماکہ خیز مواد برآمد

اونتی پورہ::ریاستی پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ کل شام سیکورٹی فورسز نے ایک جنگجو جس کی شناخت عبدالماجد شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکنہ اقبال کالونی پٹن بارہ مولہ کے بطور ہوئی ہے ،کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق جنگجو اپنے ساتھیوں سے ملنے کیلئے کار زیر نمبر DL9CM-0213 میں سوارتھا، کہ عین موقعے پر سیکورٹی فورسز نے اُسے گرفتار کیا ۔

پولیس کے مطابق جامہ تلاشی کے دوران جنگجوکے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود کے ساتھ ساتھ دوسری ممنوعہ اشیاء برآمد کرکے ضبط کی گئیں۔ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار جنگجو نے بتایا کہ وہ علاقے میں سرگرم دوسرے ساتھیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا تاکہ مستقبل میں تخریبی کارروائیوں کو انجام دیا جاسکے۔

اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 133/2018زیر دفعہ 7/25آرمز ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

بارہ مولہ میں اپر گراونڈ ورکر گرفتار،دھماکہ خیز مواد برآمد

بارہمولہ ::پولیس نے ایک اور دعویٰ کیا ہے کہ جنگجوئوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد بارہ مولہ پولیس نے اپر گراونڈ ورکر جس کی شناخت عرفان احمد گنائی و لد محمد رمضان ساکنہ ہجام محلہ رٹھسنہ ترال کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ شخص اپنے ساتھیوں سے مسلسل رابطے میں تھا تاکہ مستقبل میں جنگجویانہ کارروائیوں کو انجام دیا جاسکے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 39/2018اور مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

Comments are closed.