نئی دہلی::رام ناتھ کووند کیرالہ کے سہ روزہ دورہ پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اتوار کو پولس کے پاس ایک فون آیا جس میں رام ناتھ کووند کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ فون کرنے والا ایک پجاری ہے۔
پولس ڈپارٹمنٹ کو صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند پر قاتلانہ حملے کی خبر دینے والا پجاری جے رمن گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اتوار کو پجاری نے رام ناتھ کووند کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
فون آنے کے بعد پولس محکمہ میں افرا تفری پھیل گئی اور فوراً انٹیلی جنس افسران بھی حرکت میں آ گئے۔ سب سے پہلے آنے والے فون کال کو ٹریس کیا گیا جس سے پتہ چلا کہ فون کرنے والا شخص ایک مندر کا پجاری ہے۔اطلاعات کے مطابق پولس نے جب جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے کے بارے میں تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ یہ چراکّل مندر کا پجاری جے رمن ہے۔
اس سلسلے میں تصدیق کے بعد پولس نے پجاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران پجاری نے بتایا کہ اتوار کی شام وہ نشے میں تھا اور ایسی حرکت ہو گئی۔ پولس کے مطابق نشے کی حالت میں جے رمن نے پولس کنٹرول روم کو فون کر کےصدر جمہوریہ کے قتل کی دھمکی دی اور پھر نشے کی حالت میں ہی سو گیا۔ جے رمن کا کہنا ہے کہ جب وہ صبح نیند سے بیدار ہوا تو سب کچھ بھول چکا تھا۔
Comments are closed.