مراٹھا ریزرویشن کے معاملہ پر مہاراشٹر میں ہنگامہ، خودکشی کی کوشش

مراٹھا ریزرویشن کے معاملہ پر مہاراشٹر میں ہنگامہ، خودکشی کی کوشش

مہاراشٹر میں مراٹھا ریزرویشن کو لے کر منگل کو بند کا اثر نظر آ رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرہ کے مدنظر مہاراشٹر میں اسکولوں اور کالجوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد میں انٹرنیٹ خدمات پوری طرح سے روک دی گئی ہیں۔ بند کا سب سے زیادہ اثر مراٹھواڑہ علاقہ میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔

ریزرویشن کا مطالبہ پورا نہ ہونے سے ناراض مراٹھا مورچہ نے منگل کو مہاراشٹر میں بند کا اعلان کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل مراٹھا ریزرویشن کے لئے ایک نوجوان نے ندی میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اورنگ آباد کے گنگاپور تعلقہ کے کانٹ گاؤں میں کاکا صاحب دتّاتریہ نامی 28 سالہ نوجوان نے مراٹھا کرانتی مورچہ کی مانگوں کی حمایت میں ندی میں دوپہر تین بجے چھلانگ لگا دی تھی۔ اسے تشویشناک حالت میں ندی سے نکالا گیا، دوران علاج اس کی موت ہو گئی تھی۔

اس کی موت کے بعد اس مظاہرہ نے پرتشدد شکل اختیار کر لی ہے۔ حالانکہ اس آندولن میں ممبئی، ستارا ، شولا پور اور پنے کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اورنگ آباد میں مظاہرین پرتشدد ہو گئے اور انہوں نے ٹرکوں میں آگ لگا دی۔ دریں اثنا، منگل کو دو اور نوجوانوں نے ندی میں کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ۔ کچھ مظاہرین نے احتجاج میں اپنے سر کے بال منڈوا لئے۔

Comments are closed.