پانپور پولیس نے چور بازاری میں گیس فروخت کرنے والوں کا پردہ فاش کیا 

2افراد گرفتارچار ٹرکوں میں موجود 58گیس سلنڈر ضبط ، مزید تحقیقات شروع /پولیس

سرینگر 20:  جولائی؍ جے کے این ایس ؍؍ ُٓپانپور پولیس نے چور بازاری میں گیس فروخت کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار ٹرکوں میں موجود 58گیس سلنڈروں کو برآمد کرکے ضبط کیا ۔ پولیس کے مطابق دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مزید دو گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق پانپور پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ چند افراد غیر قانونی طورپر سیل شدہ گیس سلنڈروں سے گیس نکال کر صارفین میں فروخت کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پانپور کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے چار ٹرکوں کو تحویل میں لے کر اُن میں موجود 58گیس سلنڈروں کو ضبط کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ گیس سلنڈر سیل کے بغیر تھے کیونکہ مذکورہ افراد صارفین میں فروخت کئے جانے والے گیس سلنڈروں سے گیس نکال کر چور بازاری میں فروخت کیا کرتے تھے۔جے کے این ایس نے اس ضمن میں جب پانپور پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سیل کے بغیر 58گیس سلنڈروں کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو ڈرائیوروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جبکہ دو گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 70/2018زیر دفعہ 407آر پی سی 120-Bکے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں گیس ایجنسیوں سے بھی پوچھ تاچھ کرنے کا امکان ہے۔

Comments are closed.