خراب موسمی صورتحال کے چلتے کرگل صوبے کے کئی علاقوں میں بادل پھٹنے اور شدید بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد بچاﺅ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ادھر ضلع شوپیان کے بدرہامہ گاو¿ں میں شدید بارش کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں سیلابی پانی کئی رہائشی مکانات میں داخل ہوگیا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق اتوار کی شام ضلع کرگل کے ہارڈاس اور ٹومیل دیہات میں شدید بارش کے نتیجے میں اچانک سیلابی ریلے داخل ہوگئے، جس سے رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا اور سڑکوں سمیت دیگر عوامی بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ مقامی انتظامیہ اور ہنگامی امدادی ٹیموں نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا رخ کیا اور نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ راحت رسانی کا عمل شروع کیا۔
فوج کے مطابق فور ایور اِن آپریشنز ڈویژن سے وابستہ دستوں نے ہارڈاس کے گنڈ علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد فوری طور پر بچاو¿ اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں نے سڑک رابطہ منقطع کردیا، جس کے باعث متعدد مقامی باشندے متاثرہ علاقوں میں پھنس گئے تھے۔فوجی جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، زخمیوں اور ضرورت مند افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ لوگوں میں پینے کا صاف پانی، ضروری اشیائے خوردونوش اور کھانا بھی تقسیم کیا۔
ادھر ضلع شوپیان کے بدرہامہ گاو¿ں میں شدید بارش کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں سیلابی پانی کئی رہائشی مکانات میں داخل ہوگیا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔نمائندے کے مطابق علاقے میں ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں پانی کے بہاو¿ میں اچانک اضافہ ہوا، جس سے بدرہامہ گاو¿ں کے کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے۔ پانی کئی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض مقامات پر املاک کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق، سیلابی پانی انتہائی تیزی سے رہائشی علاقوں کی جانب بڑھا، جس کے باعث کئی خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کا رخ کرنا پڑا۔