سونہ مرگ میں غیر رجسٹرڈ فوٹوگرافروں کے خلاف کارروائی، 11 افراد گرفتار
سری نگر، 19 فروری
معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ میں گاندربل پولیس نے جمعرات کے روز ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے غیر قانونی طور پر کام کرنے والے فوٹوگرافروں کے خلاف خصوصی کریک ڈاو¿ن چلایا، جس کے دوران 11 ایسے فوٹوگرافر حراست میں لیے گئے جو بغیر کسی باضابطہ رجسٹریشن کے سیاحوں کو خدمات فراہم کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی اس وجہ سے ضروری ہو گئی تھی کہ غیر مستند افراد کی سرگرمیاں سیاحوں کے تحفظ، شفافیت اور سروس سیکٹر کی ساکھ کیلئے خطرہ بن رہی تھیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب موسمِ سرما میں سونہ مرگ میں سیاحوں کا دباو¿ بڑھ جاتا ہے۔کارروائی کے دوران پولیس نے غیر رجسٹرڈ فوٹوگرافرز کی نشاندہی کے بعد انہیں سیکشن 126 اور 170 بی این ایس ایس کے تحت گرفتار کیا اور تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایگزیکٹو مجسٹریٹ گنڈ کے پاس پیش کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے خدمات فراہم کرنے والے افراد سیاحوں سے زیادہ رقم وصول کرنے، ناجائز فائدہ اٹھانے یا کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے نہ صرف عوامی سلامتی متاثر ہوتی ہے بلکہ سونہ مرگ جیسے عالمی سطح کے سیاحتی مقام کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
اس موقع پر پولیس اسٹیشن سونہ مرگ کی ٹیم نے علاقے میں موجود دوسرے سروس فراہم کنندگان کو بھی آگاہی دی اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ سیاحوں کے ساتھ پیشہ ورانہ، مہذب اور قانونی دائرے میں رہ کر کام کریں۔ پولیس نے کہا کہ تمام افراد رجسٹریشن اور متعلقہ دستاویزات مکمل کریں، ورنہ آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔گاندربل پولیس نے واضح کیا کہ سیاحوں کی حفاظت اور سونہ مرگ میں ایک محفوظ و منظم ماحول کو برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے پیشِ نظر غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments are closed.