پاکستان کا نئی دلی میں ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی سفارتکاروں کو بھارت میں مبینہ طور ہراساں کیے جانے کے معاملے کے بعد پاکستان نے نئی دلی میں ہونے والی ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔

پاکستانی وفد کو وزیر تجارت کی سربراہی میں بھارت جانا تھا جہاں نئی دلی میں منعقد ہونے والی ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت کرنی تھی لیکن بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں اور ہائی کمیشن عملے کے اہل خانہ کو گزشتہ کئی روز سے مبینہ طورپر ہراساں کیا جارہا ہے جس کے بعد پاکستان نے نئی دلی میں ڈبلیو ٹی او کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق تجارتی وفد کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ بھارتی رویے کے باعث کیا گیا ہے کیوں کہ پاکستان اپنی خودداری کو مقدم رکھتا ہے۔

ادھربھارت میں ہراساں کیے جانے کا معاملہ، پاکستانی ہائی کمشنر وطن واپس پہنچ گئے.پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو مبینہ طورہراساں کیے جانے کے معاملے پروزارت خارجہ کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نئی دلی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 271 کے ذریعے جمعہ شام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ان کا الزام تھا کہ نئی دلی میں پاکستانی سفارتی اہل کاروں کو 7 مارچ سے ہراساں کیا جارہا ہے جب کہ ہائی کمیشن عملے کے اہل خانہ کو بھی تنگ کیا جاتا ہے، نئی دلی میں پاکستانی سفارتی عملے کا باہر نکلنا مشکل ہوگیا، لوگ بلاوجہ گاڑیاں روک کر کھڑے ہوجاتے ہیں جب کہ شکایات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشاورت کے لئے بلایا گیا ہے اورپاکستانی حکام سے مشاورت کے بعد میڈیا سے بات ہوگی۔

Comments are closed.