منشیات سے نمٹنے کا بل رواں اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے گا: سکینہ یتو
جموں، 5 فروری
صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ حکومت نے جموں وکشمیر میں منشیات کے استعمال کی لعنت سے نمٹنے کے لئے ایک بل تیار کیا ہے جس کو ایوان میں پیش کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے نہ صرف متعلقہ محکموں بلکہ تمام اراکین اسمبلی اور علما و لوگوں کو بھی اپنا رول ادا کرنا چاہئے موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اسمبلی میں رکن اسمبلی تنویر صادق کے ایک سوال کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘تنویر صادق نے گذشتہ اجلاس میں منشیات کے استعمال کے خلاف ایک بل پیش کیا تھا لیکن ہم نے ان کو یقین دلایا تھا کہ آپ بل واپس لے لیجئے محکمہ اس سلسلے میں اپنی طرف سے بل پیش کرے گا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں معزز رکن اسمبلی کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ بل تیار ہے اور اس کو رواں اسمبلی اجلاس کے دوران پیش کیا جائے گا’۔
وزیر صحت نے کہا کہ منشیات کا مواد بیچنے کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے میڈیکل شاپز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس ناسور کی روک تھام کو یقینی بنانا صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ دیگر محکموں، تمام اراکین اسمبلی، علما اور عام لوگوں کو بھی اپنا اپنا رول ادا کرنا چاہئے کیونکہ یہ ایک ایسا ناسور ہے جو ہماری نسل کو تباہ کر سکتا ہے’۔
Comments are closed.