سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی جزوی نقل وحمل بحال
سری نگر، 28 جنوری
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا اور پہلے دونوں طرف سے مسافر بر دار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس شاہراہ کو گذشتہ روز برف باری کے باعث بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دو طرفہ نقل وحمل بحال کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مسافروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کے ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج اور متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں کی طرف رجوع کریں۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے گذشتہ 6 دنوں سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔
Comments are closed.