پلوامہ میں پولیس کی بڑی کارروائی، دو منشیات فروش گرفتار، بڑی مقدار میں ممنوعہ نشیلی اشیائ برآمد

سری نگر،15دسمبر

منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت جموں و کشمیر پولیس نے ضلع پلوامہ میں ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ممنوعہ نشیلی اشیاء کی بھاری مقدار ضبط کر کے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم نے کاکا پورہ تھانہ کی حدود میں مارول پیٹرول پمپ کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو دیکھا جو ایک نائیلون بیگ اٹھائے ہوئے تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی دونوں افراد نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں دبوچ لیا۔
تلاشی کے دوران نائیلون بیگ سے سات کلوگرام سے زائد نیم پسے ہوئے بھنگ نما نشیلی مادے کی برآمدگی عمل میں آئی۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت خورشید احمد صوفی ولد عبدالغنی صوفی ساکن براری گنڈ بڈگام، حال لیلہار کاکا پورہ، اور راجو ولد عاش محمد ساکن شانتی باڈی، باگڈی روڈ، بدرتلہ، کولکاتا (مغربی بنگال) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے جہاں وہ پولیس تحویل میں ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کاکا پورہ میں ایف آئی آر نمبر 81/2025 کے تحت متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے واضح کیا کہ ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس ناسور میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.