ناظم تعلیم کشمیر نے سرینگر کے تعلیمی منظر نامے کا جائزہ لیا، مانیٹرنگ مضبوط بنانے کی دی ہدایت

ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی نے سرینگر میں ایک اہم جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ضلع کی مجموعی تعلیمی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں پرسنل آفیسر ڈاکٹر اقبال حسین میر، جوائنٹ ڈائریکٹر محمد مشتاق، چیف ایجوکیشن آفیسر سری نگر غلام محی الدین بٹ اور ضلع سری نگر کے تمام زونل ایجوکیشن افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران چیف ایجوکیشن آفیسر سری نگر غلام محی الدین بٹ نے ضلع میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، انتظامی امور اور مختلف تعلیمی اسکیموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر موصوف نے بنیادی سطح پر مضبوط تعلیم کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔ناظم تعلیم نے مذید کہا کہ:
ابتدائی تعلیم ہمارے پورے تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اگر ہم ابتدائی جماعتوں میں مضبوط بنیادیں قائم کریں گے تو اعلیٰ جماعتوں کے نتائج خود بخود بہتر ہو جائیں گے،”

ڈائریکٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اوّلین سطح کے تعلیمی معیارات پر خصوصی توجہ دیں۔

جناب وانی نے مزید ہدایت دی کہ افسران آنے والے تعلیمی سیشن کے لیے تمام تیاریوں کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور مطلوبہ تفصیلات متعلقہ چیف ایجوکیشن افسران کے ذریعے ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کریں۔
ڈی ایس ای کے نے کشمیر ڈویژن کے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حدود میں آنے والے ہر اسکول کا ذاتی طور دورہ کریں، سہولیات کا جائزہ لیں اور درکار مداخلتوں سے فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ کو آگاہ کریں۔

ناظم تعلیم کشمیر نے کہا کہ کشمیر ڈویژن کے تمام چیف ایجوکیشن افسران آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والی ضلعی سطح کی جائزہ میٹنگوں کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔

پَرکھ ، نئے اندراج، بنیادی ڈھانچے کی کمیوں اور نیشنل اچیومینٹ سروے (NAS) جیسے اہم معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام رکاوٹوں کی نشاندھی کرکے انہیں حل کرانے کے لئے اقدامات کریں اور باقاعدہ اسکولوں میں ازخود جاکر مؤثر مانیٹرنگ نظام کو سو فیصد یقینی بنائیں۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 10 دسمبر کو ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نے ضلع کپوارہ میں بھی ایک اہم جائزہ میٹنگ کی تھی، جس میں تعلیمی اور انتظامی اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

Comments are closed.