پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی درانداز گرفتار
جموں،6مئی
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوجی اہلکاروں نے ایک پاکستانی درانداز کو گرفتار کر لیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ درانداز، جس کی عمر بیس کے اوائل میں بتائی جا رہی ہے، کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ایل او سی عبور کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوا۔ فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور فوری طور پر پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کا عمل جاری ہے اور ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ مذکورہ شخص کا تعلق کسی ملی ٹینٹ تنظیم سے ہے یا وہ کسی اور مقصد کے تحت سرحد عبور کر آیا ہے۔
یاد رہے کہ ایل او سی پر دراندازی کی کوششوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی فورسز نے اپنی نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
Comments are closed.