سرینگرجموں شاہراہ کھلی، مغل روڈ، لیہہ شاہراہ، سنتھن روڈ بند
سرینگر، 19 اپریل
نامساعد موسمی صورتحال کے باوجود وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے تاہم تاریخی مغل روڈ، لیہہ شاہراہ اور سنتھن روڈ برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے لئے بند ہیں۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دو طرفہ نقل و حمل جاری ہے تاہم آج یعنی ہفتے کو بڑی گاڑیوں (مال بردار گاڑیوں) کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر مہاڑ، کیفٹیریا اور رام بن میں سنگل لین کی وجہ سے ٹریفک کو ریگولیٹڈ طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔انہوں نے مسافروں سے لین ڈسلپن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔مسافروں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر دن کے دوران ہی سفر اختیار کریں نیز چٹانیں کھسک آنے کے خدشات کے پیش نظر رام بن اور بانہال کے درمیان غیر ضروری قیام کرنے سے پرہیز کریں۔۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ مغل روڈ، لیہہ شاہراہ اور سنتھن روڈ برف جمع ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ روڈ ٹھیک کرنے والی ایجسنیوں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ان سڑکوں پر ٹریفک بحال کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر میں موسمی صورتحال خراب ہے جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو رہی ہیں۔
Comments are closed.