پونچھ میں پانچویں روز بھی تلاشی آپریشن جاری
جموں،18اپریل
جموں و کشمیر کے سرنکوٹ پونچھ میں پانچویں روز بھی تلاشی آپریشن مسلسل جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز نے وسیع جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے تاکہ ان ملی ٹینٹوں کا سراغ لگایا جا سکے جو پیر کے روز لسانہ گاؤں میں مختصر فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق، پیر کی شام لسانہ گاؤں میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان چند منٹوں پر مشتمل فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے بعد ملی ٹینٹ گھنے جنگلات کی آڑ لے کر فرار ہو گئے، جس کے بعد پورے علاقے میں تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ "پونچھ کے جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن جاری ہے۔”
سیکورٹی فورسز کو خدشہ ہے کہ ملی ٹینٹ ابھی بھی علاقے میں موجود ہیں، جس کے پیش نظر فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیمیں ممکنہ راستوں اور ٹھکانوں کو کھنگالنے میں مصروف ہیں۔
سرچ آپریشن میں ڈرونز اور سنفر ڈاگس کی بھی مدد لی جا رہی ہے تاکہ ہر مشتبہ مقام کی نگرانی کی جا سکے۔
مقامی لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع فوراً قریبی تھانے کو دیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا:”ہم کسی بھی خطرے کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔ تلاشی آپریشن تب تک جاری رہے گا جب تک ملی ٹینٹوں کو گرفتار یا بے اثر نہیں کیا جاتا۔”
Comments are closed.