جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں6 ملی ٹنٹ معاون گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد:پولیس
سری نگر، 28 ستمبر
جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں چھ ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’اونتی پورہ پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ جیش محمد تنظیم سے وابستہ پاکستان میں مقیم ایک کشمیری دہشت گرد نوجوانوں کو ملی ٹنٹ صفوں میں شامل کرنے کی منصوبہ بند کر رہا ہے اور ایسے نوجوانوں کو ڈھونڈنے کے بعد ان میں اسلحہ و گولہ بارود تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ دہشت گر کارروائیاں انجام دے سکیں‘۔انہوں نے کہا کہ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ترال میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا:’اس کیس کی تحقیقات کے دوران اس ماڈیول کے ساتھ وابستہ نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی اور یہ بات سامنے آگئی کہ پاکستان میں مقیم دہشت گرد نے جیل میں بند ایک او جی ڈبلیو کی مدد سے کئی نوجوانوں کی نشاندہی کی تھی جنہیں اونتی پورہ کے ترال اور کولگام ضلع میں دہشت گردوں کی صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دی گئی‘۔
موصوف ترجمان نے کہا: ’ان نوجوانوں کو دہشت گردوں کی صفوں میں شامل ہونے کے لئے پستول،گرینیڈ اور آئی ای ڈیز فراہم کی گئیں اور ان کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹارگیٹ ہلاکتیں، سیکورٹی فورسز، عوامی مقامات، غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ لگا کر کچھ دہشت گرد کارروائیاں انجام دیں‘۔انہوں نے کہا: ’اس سلسلے میں اب تک چھ ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا گیا جن کے انکشاف پر بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 5 آئی ای ڈیز، 30 ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز کی7 بیٹریاں، 2 پستول، 3 پستول میگزین، پستول کی25 گولیاں، 4 ہینڈ گرینیڈ اور 20 ہزار روپیے نقدی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
Comments are closed.