ڈی جی پی نے 100 اہلکاروں کیلئے 1.34 کروڑ روپے سے زیادہ کا فلاحی قرضہ و امداد منظور کیا

جموں: 26 مارچ

جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی غیر متزلزل کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوین نے 100 پولیس اہلکاروں کے لیے ان کی فوری مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 1.34 کروڑ روپے سے زیادہ کے فلاحی قرضوں/ ریلیف کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم پی ایچ کیو کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامہ زیر نمبر681 کے مطابق سینٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ سے منظور کی گئی ہے۔ مستفید ہونے والوں میں سے، 36 پولیس اہلکاروں کے حق میں 61.50 لاکھ روپے کا فلاحی قرضہ ان کے اپنےعلاج و معالجے اور اپنے زیر کفالت افراد کے طبی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے منظور کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 15 پولیس اہلکاروں کے حق میں فی کس ایک ایک لاکھ روپے کا فلاحی قرضہ ان کی اپنی شادی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے منظور کیا گیاہے۔جبکہ 26 دیگر اہلکاروں کو اپنی یا اپنے یا اپنے بچوں کی شادی کے اخراجات پورا کرنے کے لیے فی کس 1.50 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔

مزید برآں، چار پولیس اہلکاروں کو اپنے بچوں کی اعلیٰ یا پیشہ ورانہ تعلیم کے اخراجات پورا کرنے کےلیے فی کس 1.5 لاکھ روپے کے فلاحی قرضے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ تین دیگر اہلکاروں کو اپنے بچوں کے ختنوں کے لیے فی کس 50 ہزار روپے دیے گئے ہیں۔ مزید برآں، 27 پولیس اہلکاروں کے حق میں 8.50 لاکھ روپے بطور ریلیف منظور کیے گئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کو فراہم کیے گئے فلاحی قرضے قابل واپسی ہیں اور ان کی تنخواہوں سے بغیر کسی سود کے ماہانہ اقساط میں وصول کیے جاتے ہیں، جبکہ فلاحی ریلیف ناقابل واپسی ہے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعے جموں و کشمیر پولیس کے تمام رینک بشمول شہید پولیس اہلکاروں اور شہید ایس پی اوز کے بچوں کو امداد فراہم کرتاہے۔ جبکہ حاضر سروس پولیس اہلکاروں، شہید، ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں، اور ایس پی اوز کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو قابلیت کے وظائف سے نوازا جاتا ہے تاکہ ان میں مسابقت کا جذبہ پیدا ہو۔

Comments are closed.