وادی میں24گھنٹوں کے دوران 23آگ کی وارداتیں، 15 رہائشی مکان اور سات دکانوں کو نقصان
سر ینگر، 9 جنوری
وادی کشمیر میں خشک سالی کے بیچ آگ کی وارداتیں رونما ہونے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں آگ کی 23وارداتوں میں15مکان، سات دکانیں اور کئی گاو خانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے کی بوٹ کالونی میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں کم سے کم 8 رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس وار دات سے 13 کنبے بے گھر ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ ان مکانوں میں جو کچھ بھی جائیداد موجود تھا وہ سب کچھ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کرے تاکہ وہ ٹھٹھرتی سردیوں میں سر چھپانے کا کوئی بندو بست کر سکیں۔دریں پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پنز گام چوکی بل کپواڑہ میں آگ کی ایک واردات کے دوران گاو خانہ خاکستر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ لالچوک اننت ناگ میں ایک دکان جبکہ پنجہ منڈی میں چار دکانوں کو نقصان پہنچا۔ان کے مطابق کورل گام کولگام میں آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
ان کے مطابق وار گنڈ بجبہاڑہ میں چنار کا درخت آگ کی واردات میں خاکستر ہوا ہے۔موصوف آفیسر نے بتایا کہ ڈونی پاوا اننت ناگ میں شبانہ آگ کی واردات میں دو دکانوں کو نقصان پہنچا۔ان کے مطابق دادری پورہ ماگام میں آگ کی واردات رونما ہونے کے بعد رہائشی مکان کے کچن خاکستر ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وڈی پورہ لنگیٹ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی گر چہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پایا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا۔انہوں نے کہاکہ غازی محلہ کپواڑہ میں ایک مکان ، چنی پورہ مقام کرناہ میں دو رہائشی مکان بھی خاکستر ہوئے ہیں۔
Comments are closed.