بمنہ اور صنعت نگر کے فلائی اوورز کو سال نو کے وسط تک عوام کے نام وقف کیا جائے گا:صوبائی کمشنر کشمیر

سرینگر، 13 دسمبر

صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ سری نگر کے بمنہ اور صنعت نگر علاقوں میں تیار ہو رہے فلائی اوورز کو سال نو کے وسط تک عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام فلائی اوورز پر کام تیزی سے جاری ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ چلہ کلاں سے پہلے کام میں زیادہ سرعت لائی جائے۔

موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘بوٹینگو کراسنگ پر جو فلائی اوور بن رہا ہے وہ ہمارے لئے سب سے اہم ہے اس پر تیزی سے کام چل رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اس فلائی اورر کی تکمیل کے لئے 15 نومبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن وہ کچھ مسائل کی وجہ سے پوری نہیں ہوسکی۔

بدھوری نے کہا کہ بمنہ فلائی اوور پر کام تیزی سے چل رہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ چلہ کلاں سے پہلے فلائی اوورز پر چل رہے کام میں مزید سرعت آئے۔انہوں نے کہا کہ بمنہ اور صنعت نگر فلائی اوورز کو سال نو کے وسط تک عوام کے نام وقف کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی چیک پوائنٹس ہیں ان پر دھیان رکھا جا رہا ہے اور قومی شاہراہ پر بھی دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔یواین آئی۔

Comments are closed.