بارہمولہ میں لشکر سے وابستہ دو جنگجو معاونین گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد:پولیس

سری نگر، جموں وکشمیر پولیس نے شمالی ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی میں ملی ٹنٹوں کے ایک ماڈیول کو تباہ کرکے لشکر طیبہ وابستہ دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس اور فوج کی 8 آر آر کی ایک مشترکہ پارٹی نے اوڑی کے پرن پیلن برج پر ناکہ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو دیکھا جو دچھی سے پرن پیلن برج کی طرف آ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ناکہ پارٹی کو دیکھتے ہی ان افراد نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن ان کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 2 گلاک پستول، 2 پستول میگزین، 2 پستول سائیلنسر اور 28 پستول گولیاں بر آمد کی گئیں جس کے بعد دونوں کو حراست میں لیا گیا۔

گرفتار شدگان کی شناخت زید حسن ملہ ولد غلام حسن ملہ ساکن میر صاحب بارہمولہ اور محمد عارف چھنہ ولد نذیر احمد چھنہ ساکن سٹیڈیم کالونی بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا: ‘یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو نوں گرفتار شدگان پاکستان نشین ہینڈلرس کے ایما پر اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث تھے اور وہ اس اسلحہ گولہ بارود کو دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے لشکر طیبہ کے دہشت گردوں میں تقسیم کرتے تھے’۔

بیان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن اوڑی میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

یو این آئی

Comments are closed.