اکھنور میں سیلابی صورتحال، کئی ڈھانچوں کو نقصان، 97 کنبے محفوظ مقامات کی اور منتقل

جموں، 22جولائی

جموں وکشمیر میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشوں اور بادل پھٹنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد اکھنور میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے نتیجے میں کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا جبکہ انتظامیہ نے 97کنبوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔

وادی کشمیر کے شمال و جنوب میں بھی بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ایک دفعہ پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں ضلع کے اکھنور سب ڈویڑن میں ہفتے کے روز دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے بعد انتظامیہ نے 97کنبوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔
سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں گھس آنے کے نتیجے میں کئی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دریائے چناب کے حفاظتی دیوار میں شگاف پڑنے کے بعد اکھنور سب ڈویڑن کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی گھس آیا جس کے بعد فوری طورپر بچاو کارروائی شروع کی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چند روز قبل 43کنبوں کو یہاں سے منتقل کیا گیا تھا تاہم سنیچر کی صبح سے بارشیں جاری رہنے کی وجہ سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔

انہوں نے کہاکہ سب ڈویڑن اکھنور میں 97کنبوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا اور انہیں سرکاری عمارتوں میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چونکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بڑھ جائے گی جس کے پیش نظر اکھنور میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔وادی کشمیر کے شمال و جنوب میں بھی بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔یو این آئی

Comments are closed.