ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر جنگجو مخالف آپریشنز میں مزید شدت لائی جائے : پولیس سربراہ
سری نگر،جموں وکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس سربراہ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشنز میں مزید شدت لائی جائے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز ضلع اننت ناگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی ۔
پولیس چیف کے ہمراہ سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سیون، اے ڈی جی پی وجے کمار ، آئی جی سی آر پی ایف جی کے ورما بھی موجود تھے۔
ڈی جی پی نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایات جاری کی کہ امن دشمن عناصر سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی کا از سر نو جائزہ لیا جائے تاکہ لوگوں کی حفاظت کو یقنی بنایا جاسکے۔
انہوں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پولیس سربراہ نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے رات کے دوران پیٹرولنگ اور گشت کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔
ڈی جی پی نے حالیہ حملوں میں ملوث ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کی خاطر مشتبہ مقامات پر جنگجو مخالف آپریشنز میں شدت لانے کی ہدایت دی ۔
انہوں نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔
انہوں نے آفیسران کو بتایا کہ امن دشمن عناصر کو کوئی موقع فراہم نہ کیا جائے اور اس کے لئے زمینی سطح پر انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کی سرگرمیوں کے بارے میں قبل ازوقت جانکاری فراہم ہو سکے۔
پولیس سربراہ نے ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سہولیت کاروں اور مدد گاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانے کے احکاما ت جاری کئے۔
انہوں نے آفیسران کو بتایا کہ مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے کیونکہ جموں وکشمیرکو ملی ٹینسی سے پاک کرنے کی خاطر تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
ڈی جی پی نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے ایک اہم حصے کے طور پر لوگوں کا مزید اعتماد اور تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں ڈی جی پی نے آفیسران کو ہدایت دی کہ و ہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یاتریوں کو تمام تر سہولیات میسر ہو سکے۔
انہوں نے یاترا کے مجموعی حفاظت اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے بہترین ممکنہ انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کی کامیاب تکمیل کے لیے اپنی محنت جاری رکھیں۔
اجلاس کے دوران ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ان کے انسداد کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وادی میں دہشت گردی کے جرائم کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور میٹنگ میں موجود افسران نے انسداد دہشت گردی آپریشنز اور جموں و کشمیر میں امن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجاویز دیں۔
آفسران نے ڈی جی پی کو اننت ناگ اور جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔
یو این آئی،
Comments are closed.