وادی کے ہر چھوٹے بڑے ہسپتال کی زلزلہ سہنے کی جانچ کرنی چاہئے / ڈاکٹر س ایسوسی ایشن
سرینگر/08فروری/
وادی کے ہسپتالوں کو زلزلہ کے جھٹکوں کو برداشت کرنے کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ وادی کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کےلئے سیفٹی آلات کو یقینی بنانے کےلئے ہسپتالوںمیں احتساب کرائیں خاصکر زلزلہ سیفٹی آڈٹ کو یقینی بنایا جائے ۔
ترکی اور شام میں آئے تباہ کن زلزلہ نے وادی میں2005کے تباہ کن زلزلہ کی یادیں تازہ کردیں وہیں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے سرکار پر زور دیا ہے کہ وادی کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں زلزلہ سیفٹی آڈٹ کرایاجائے تاکہ بوقت ضرورت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تحفظ فراہم ہو۔ ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہاہے کہ ”ہسپتالوں کا سٹرکچرل آڈٹ فوری طور پر کیا جانا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ زلزلوں کے لیے لچکدار ہیںیا نہیں۔انہوں نے کہاترکی اور شام میں حالیہ زلزلہ کشمیر کے لیے ایک ویک اپ کال ہے جو اسی طرح کے طاقتور زلزلے کے واقعات کا شکار ہوسکتا ہے۔“
ڈاکٹر حسن نے کہا کہ ہسپتال زلزلے کے دوران جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ ہنگامی طبی دیکھ بھال کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ زندگی بچانے والے یہ اہم اثاثے ایسے وقت میں فعال رہیں جب ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہو۔
Comments are closed.