سرینگر/22جنوری: پونچھ میں پاکستانی فوج کی فائرنگ میں ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کے چند گھنٹوں بعد ہی کپوارہ کے ٹنگڈارسرحدی علاقے میں ہندوستان اورپاکستانی فوج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں جانب جدید ترین ہتھیاروں کااستعمال کیا گیا ۔ آر پار گولہ باری کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم گولیوں کی گن گرج اور دھماکوں کی سماعت شکن آوازوں کی وجہ سے سرحدی آبادی میں خوف کی لہر دوڑ گئی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں حد متارکہ پر جمعہ کے روز ہندوپاک افواج کے مابین ایک بار پھر شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جبکہ جمعرات کی شام کو پونچھ میں پاکستانی فوج کی سنیئپر فائرنگ سے ایک فوجی ہلاک ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ٹنگڈار میں دوطرفہ گولہ باری ہوئی تاہم ٹنگڈرا میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سرحدی پٹی پر جمعہ کے روز اُس وقت لوگ اپنے گھروں میں سہم کے رہ گئے جب ہندوستان اور پاکستانی فوج کے مابین شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔ آر پار گولیوں کی گن گرج کے اور زور دار دھماکوں کے نتیجے میں سرحدی آبادی میں خو ف کی لہر دوڑ گئی ۔ اس دوران دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کی اگلی فوجی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی تاہم فوج نے پاکستانی گولہ باری کا بھر پور جواب دیا اور پاکستانی فوج کی متعدد چوکیوں کو نقصان پہنچایا ہے جس میں کئی پاکستانی فوجی ہلاک یا زخمی ہونے کا امکان ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان بار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہاہے ۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.