ٹرامہ اسپتال پٹن اور پرائمری ہیلتھ سنٹر سری وارپورہ کی مشینری بے کار

متعلقہ ڈاکٹر اور ٹیکنشن کی عدم دستیابی ،مریضوں کو مشکلات ،حکام سے توجہ دینے کا مطالبہ

سرینگر /25ستمبر /کے پی ایس : ٹرامہ اسپتال پٹن اور پرائمری ہیلتھ سنٹر سری وار پورہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں لیکن مہارت رکھنے والے تجربہ کار عملہ کی عدم موجودگی سے مشینری بے کار پڑی ہوئی ہے جس سے مریضوں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس سلسلے میں مقامی مریضوں اور عام لوگوں نے کشمیر پریس کے نمائندہ نذیر چکسری سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرامہ اسپتال پٹن میں USGباضابطہ طور نصب ہے لیکن اس جدید طرز کی مشین کو چلانے کیلئے ماہر ڈاکٹرتعینات نہیں ہے اور مشینری بے کار پڑی ہوئی ہے۔جبکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر سری وار پورہ میں عرصہ دراز سے نصب شدہ ایکسرے مشین موجود ہے لیکن ایکسرے ٹیکنشن موجود نہ ہونے کی صورت میں ایکسرے مشین بے کار ہڑی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ان اسپتالوں سے منسلک مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو دشواریوں کا سامنا ہے۔اور ڈاکٹر صاحبان الٹراساونڈ یاایکسرے کرنے کی صلاح دیتے ہیں لیکن غریب مریضوں کے پاس دور اسپتال یا پرائیویٹ کلنک پر جانے کیلئے مالی سکت نہیں ہوتی ہے۔جبکہ ٹرامہ اسپتال ایمرجنسی مریضوں کیلئے پورے علاقہ میں شاہراہ کے مقام پر واقع ایک مخصوص اسپتال قائم ہے لیکن مذکورہ اسپتال میں مشینری کو بے کار رکھنا کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں سرکارشعبہ صحت کو ترجیحی بنیادوں پر مستحکم بنانے کا دعویٰ کررہی ہے وہیں یہ دعوے اس وقت سراب ثابت ہوتے ہیں جب حساس نوعیت کے اسپتالوں میں مشینری موجود ہیں لیکن ماہرین کی عدم دستیابی سے بے کار پڑی ہوئی ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اسپتالوں میں مشینری کو چلانے کیلئے ماہرین کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب عوام کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔

Comments are closed.