پاکستان کو کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش، بھارت تفصیلات پیش کریں

لاک ڈاؤن ختم کرکے ضروری سپلائی یقینی بنائی جائے / پاکستان

سرینگر: پاکستان کی ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے اس لئے بھارتی حکومت وادی میں کرونا وائرس کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے ، بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کرونا پھیلاؤ کی وجہ سے کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے اور ضروری سپلائی یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ وزارتِ خارجہ نے کورونا کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں واک ان قونصلر سروسز بند کر دی گئی ہیں وزارتِ خارجہ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے میں ہے جبکہ دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں نے اپنی کمیونٹی کی راہنمائی کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں، شہریوں کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام شہریوں سے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں جبکہ میڈیا کا اس حوالے سے اہم کردار ہے۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ صدرِ پاکستان نے چین کا دورہ کیا اور ان کے دورہ چین کے دوران دو اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ملکوں کی قیادت نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔( سی این آئی )

Comments are closed.